بنگلور ، 15اکتوبر (ایس او نیوز) کل ہی دورہ کرکے سٹی مارکیٹ میں صفائی کے ناقص انتظام پر شدید برہمی کا اظہار کرنے والی میئر پدماوتی آج دوبارہ سٹی مارکیٹ پہنچ گئیں اور خود اپنی نگرانی میں یہاں پر جمع ٹنوں کی مقدار میں گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے پہل کی ۔آج صبح انہوں نے 200 سے زائد خاکروبوں کے ساتھ کے آر مارکیٹ پر دھاوا بولا اور یہاں اپنی ہی نگرانی میں صفائی مہم شروع کرادی۔ ڈپٹی میئر آنند ، حکمران پارٹی لیڈر آر ایس ستیہ نارائنا اور دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ میئر نے سٹی مارکیٹ کے بہت سارے حصوں کا بذات خود معائنہ کیا اور بڑی تعداد میں لاریاں طلب کرکے گندگی کو ٹھکانے لگانے کا سلسلہ شروع کرادیا۔ مارکیٹ میں جابجا پھیلی ہوئی ترکاری اور پھولوں کے ڈھیر فوری طور پر وہاں سے ہٹائے گئے۔ دوپہر تک مارکیٹ کے کافی حصہ کو صاف کردیاگیا۔ میئر نے کل ہی مارکیٹ کا دورہ کرکے یہاں گندگی کا جس طرح مشاہدہ کیا اسے دیکھ کر اپنے طور پر آج انہوں نے یہاں صفائی مہم شروع کروادی ، ساتھ ہی دکانداروں کی طرف سے دکانوں کے باہر جو جگہ قبضہ کی جاچکی تھی، اسے بھی خالی کروایا اور مارکیٹ میں آنے جانے والے خریداروں کیلئے آسانی فراہم کی ۔ سٹی مارکیٹ میں صفائی یقینی بنانے کیلئے سٹی مارکیٹ صفائی نگرانی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ مقامی کارپوریٹرس ، اعلیٰ افسران اور یہاں کی رضاکار انجمنوں کے نمائندے کمیٹی میں شامل رہیں گے۔ان تمام کے تعاون سے سٹی مارکیٹ میں صفائی کا کام مسلسل جاری رہے گا۔ میئر نے کہاکہ اس قدر صفائی کے بعد بھی اگر سٹی مارکیٹ میں دوبارہ گندگی دیکھی گئی تو اس کیلئے متعلقہ افسران اور انجینئروں کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔